پیرو،یکم جولائی؍(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)پیرو کے مشہور سیاحتی مقام ماچو پیچو پر فوٹو کھینچنے کی کوشش کے دوران پہاڑ سے گر کر ہلاک ہونے والے جرمن سیاح کی لاش کھائی سے برآمد کر لی گئی ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ 51سالہ اولیور پارک بدھ کو سلامتی سے متعلق ہدایات اور وارڈن کی تنبیہ کو نظر انداز کرتے ہوئے اس ممنوعہ علاقے تک چلے گئے جو کوہِ اینڈیز کے ایک پہاڑ کی ڈھلوان چٹان کے بالکل قریب ہے۔الویور اس چٹان کے عین کنارے کھڑے ہوکر اپنی تصویر بنانے کی کوشش کر رہے تھے۔حکام کے مطابق وہ اس جگہ پر اس انداز سے اپنا فوٹو کھنچوانے کے لیے پوز دینے کی کوشش کر رہے تھے جیسے وہ چھلانگ لگا رہے ہوں اور اس دوران وہ اپنا توازن کھو بیٹھے۔ماچو پیچو کے پہاڑی سلسلے کی سیر و تفریح کے لیے اور اس کا نظارہ کرنے کے لیے ہر برس لاکھوں سیاح آتے ہیں امدادی کارکنوں کو ان کی لاش جمعرات کو ملی جسے وہ بعد میں پولیس سٹیشن لے کر گئے۔پولیس حکام کا کہنا تھا کہ ان کی لاش کو کسکو شہر کے مردہ خانے لے جایا جائے گا۔خیال رہے کہ پیرو میں ماچو پیچو کے پہاڑی سلسلے میں سیر و تفریح کے لیے ہر برس لاکھوں سیاح آتے ہیں۔